ریکارڈ ٹیکس وصولی اور بجلی سبسڈی کے نئے منصوبے پر آئی ایم ایف مطمئن
پاکستان نے جاری آئی ایم ایف مذاکرات کے دوران مالی محاذ پر اہم پیش رفت دکھائی ہے،فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال کی پہلی سہ ماہی کا مقررہ محصولات کا ہدف دباؤ کے باوجود قابلِ ذکر فرق سے عبور کر لیا، جسے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
آئی ایم ایف مشن نے بدھ کو ایف بی آر کے حکام کے ساتھ مذاکرات مکمل کیے، جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام کے ساتھ بھی الگ اجلاس ہوا،اس اجلاس میں نقد امداد میں تقریباً 25 فیصد اضافے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
مذاکرات میں بجلی کے شعبے کی موجودہ عمومی سبسڈی ختم کرکے اسے مستحق صارفین تک محدود کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا،منصوبے کے مطابق جنوری 2027 تک بجلی کی سبسڈی موجودہ صارف ٹیرف کے بجائے بی آئی ایس پی کے اسکور کارڈ کے ذریعے مستحق خاندانوں تک منتقل کی جا سکتی ہے
اس تبدیلی کا مقصد بجلی کی قیمت میں عمومی رعایت دینے کے بجائے مالی معاونت براہ راست کم آمدنی والے خاندانوں تک پہنچانا ہے، جبکہ حکومت کے لیے سبسڈی کے مالی بوجھ کو محدود کرنا بھی اس منصوبے کا اہم حصہ ہے





