شہباز شریف کا یورپی یونین سے جی ایس پی پلس جاری رکھنے پر زور
وزیر اعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کے ساتھ تجارتی سہولت جی ایس پی پلس کے تحت تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سہولت پاکستان کی معاشی ترقی، روزگار اور یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین سے ملاقات کے دوران کہی
ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور دونوں جانب سے اعلیٰ سطح کے رابطوں میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شہباز شریف نے پاکستان یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عمل درآمد اور دونوں فریقوں کے درمیان مسلسل اعلیٰ سطحی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا
جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کو یورپی یونین کی منڈی میں متعدد مصنوعات کی برآمد پر ترجیحی تجارتی سہولت حاصل ہے پاکستان نے 2014 میں یہ حیثیت حاصل کی تھی، جس کے بعد یورپی یونین کے لیے پاکستانی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا۔ 2014 سے 2022 کے دوران پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں 108 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مجموعی تجارت 2013 کے 8.3 ارب یورو سے بڑھ کر 2022 میں 14.85 ارب یورو تک پہنچ گئی
تاہم جی ایس پی پلس کا مستقبل خودکار طور پر محفوظ نہیں ہے موجودہ نظام رواں سال کے اختتام پر ختم ہونے والا ہے اور پاکستان کو نئے تجارتی نظام میں شامل ہونے کے لیے دوبارہ شرائط پوری کرنا ہوں گی نئے نظام میں انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، ماحولیات اور بہتر حکمرانی سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد اہم تقاضوں میں شامل ہے
یورپی یونین کی 2023 سے 2025 تک کی جائزہ رپورٹ میں پاکستان کے بعض شعبوں میں بین الاقوامی ذمہ داریوں پر عمل درآمد سے متعلق خدشات کا اظہار کیا گیا تھا رپورٹ میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں، آزادی اظہار، صحافیوں اور اقلیتوں کے حقوق، عدلیہ کی آزادی اور جبری مشقت سمیت مختلف معاملات کا ذکر کیا گیا
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا گیا شہباز شریف نے یورپی رہنماؤں کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی اور یورپی یونین کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون مزید بڑھانے کی خواہش ظاہر کی
یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو اہمیت دیتی ہے دونوں جانب نے تجارت کے ساتھ غیر قانونی ہجرت سے متعلق معاملات پر بھی تعاون جاری رکھنے پر بات کی





