خاتون اور 3 بچوں کے قتل کا ملزم کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور اس کے 3 کم عمر بچوں کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث شخص محمد ہمایوں خان کو پولیس نے جمعرات کی رات مبینہ مقابلے میں ہلاک کردیا
پولیس کے مطابق ملزم نے 14 ستمبر کو سیکٹر 7 ڈی میں مہوش دانش اور اس کے 3 بچوں 8 سالہ مرہاد، 6 سالہ حسنین اور 2 سالہ اشمیرا کو ان کے گھر میں قتل کیا تھا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مقتول خاتون کا قریبی رشتہ دار تھا اور متاثرہ خاتون کی نند کا شوہر تھا
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزم نے بتایا کہ وہ خاتون کے گھر اس وقت گیا جب اس کا شوہر گھر پر موجود نہیں تھا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے خاتون کو زیادتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر لوہے کی سلاخ سے سر پر وار کرکے قتل کیا اور اس کے ساتھ موجود 2 سالہ بچی کو بھی قتل کردیا
پولیس کے مطابق ملزم گھر سے نکلتے وقت مقتولہ کے 2 بڑے بچوں کو مدرسے سے واپس آتے دیکھ کر انہیں بھی قتل کرگیا تفتیش کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر بتایا کہ اس نے قتل میں استعمال ہونے والی لوہے کی سلاخ نالے میں پھینک دی تھی
پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد قتل میں استعمال ہونے والی لوہے کی سلاخ برآمد کرنے کے لیے لے جایا گیا پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس دوران ملزم نے ایک اہلکار کا پستول چھین کر فائرنگ کردی، جس سے اے ایس آئی نعمان شیخ زخمی ہوگئے پولیس کی جوابی فائرنگ میں ہمایوں خان موقع پر ہلاک ہوگیا
پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے پولیس اہلکار سے چھینا گیا پستول اور مبینہ طور پر قتل میں استعمال ہونے والی لوہے کی سلاخ بھی برآمد کرلی گئی ہے





