Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

نارتھ کراچی میں وکیل اور پراپرٹی ڈیلر مبینہ ٹارگٹ کلنگ میں قتل

نارتھ کراچی میں وکیل اور پراپرٹی ڈیلر مبینہ ٹارگٹ کلنگ میں قتل

کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک وکیل اور پراپرٹی ڈیلر کو قتل کردیا۔ پولیس نے واقعے کو بظاہر ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں
پولیس کے مطابق 40 سالہ ایڈووکیٹ شکیل مجید شیخ اور 35 سالہ ہارون شبیر منگل کی رات موٹر سائیکل پر کہیں جا رہے تھے کہ سیکٹر 11 میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی
فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد ازاں دونوں کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے
پولیس کے مطابق حملہ آور بھی موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے
مغربی پولیس کے اعلیٰ افسر کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے، تاہم قتل کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقتولین پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ تھے اور بظاہر دونوں ہی حملہ آوروں کا نشانہ تھے واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں
دوسری جانب وکیل کے قتل کے خلاف کراچی کی قانونی برادری نے احتجاجاً سٹی کورٹس میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا
کراچی بار ایسوسی ایشن نے ایڈووکیٹ شکیل مجید شیخ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے
بار ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو 48 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے قانونی برادری نے واقعے کو پورے وکلا برادری پر حملہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں

قومی خبریں سے مزید