ایدھی ہوم سہراب گوٹھ میں بڑی ڈکیتی، 65 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے، پولیس نے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا
کراچی: سہراب گوٹھ میں واقع معروف فلاحی ادارے ایدھی ہوم میں ڈکیتی کی بڑی واردات نے شہر میں سیکیورٹی صورتحال پر سوالات کھڑے کر دیے، جہاں نامعلوم مسلح ملزمان مبینہ طور پر 65 لاکھ روپے نقد رقم لے کر فرار ہوگئے۔
واردات کے بعد ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعے کی تحقیقات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او گلبرگ منیشاء روپیتا بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
ایس ایس پی نے جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے پولیس افسران سے ابتدائی معلومات حاصل کیں جبکہ کرائم سین یونٹ کی جانب سے اکٹھے کیے گئے شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور تفتیشی پیش رفت پر بریفنگ لی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید تکنیکی ذرائع، فرانزک شواہد اور دیگر تفتیشی وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ایس ایس پی ڈاکٹر محمد عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ واردات میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے مسروقہ رقم کی برآمدگی یقینی بنائی جائے۔
پولیس نے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے جبکہ مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اہم شواہد کی بنیاد پر ملزمان تک پہنچنے کے لیے کارروائی تیز کر دی گئی ہے





