میری لینڈ میں آئینی ترمیم منظور، 2028 میں ڈیموکریٹس کے لیے آٹھویں کانگریسی نشست جیتنے کی راہ ہموار
واشنگٹن: امریکی ریاست میری لینڈ کی ڈیموکریٹ اکثریت والی قانون ساز اسمبلی نے منگل کے روز ایک آئینی ترمیم منظور کر لی ہے، جس کے تحت ریاست میں کانگریسی انتخابی حلقوں کی نئی حد بندیاں کرنا آسان ہو جائے گا۔ اگر نومبر میں ہونے والے عوامی ریفرنڈم میں ووٹرز نے اس ترمیم کی منظوری دے دی تو 2028 کے کانگریسی انتخابات سے قبل نئی حلقہ بندیاں عمل میں لائی جا سکیں گی۔
میری لینڈ کی آٹھ کانگریسی نشستوں میں اس وقت سات ڈیموکریٹس اور ایک ریپبلکن کے پاس ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق نئی حد بندیوں سے ڈیموکریٹس کو ریاست کی واحد ریپبلکن نشست بھی اپنے نام کرنے کا موقع مل سکتا ہے، جس کے نتیجے میں تمام آٹھ نشستیں ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس جا سکتی ہیں۔
ڈیموکریٹ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب ریپبلکن اکثریت والی کئی ریاستیں بھی اپنے سیاسی مفادات کے مطابق انتخابی حلقوں کی تشکیل نو کر رہی ہیں تو میری لینڈ کو بھی اپنے نمائندگی کے نظام کو ازسرِنو ترتیب دینے کا حق حاصل ہے۔
دوسری جانب ریپبلکن رہنماؤں نے اس اقدام کو سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ مجوزہ ترمیم منصفانہ نمائندگی کے اصولوں کے خلاف ہے اور اس کا مقصد انتخابی نقشے تبدیل کرکے ایک جماعت کو مستقل برتری دلانا ہے۔
آئینی ترمیم کی حتمی منظوری اب نومبر میں ہونے والے ریاست گیر ریفرنڈم میں ووٹروں کے فیصلے سے مشروط ہے، جس کے بعد 2028 کے انتخابات سے پہلے نئی انتخابی حلقہ بندیاں متعارف کرائی جا سکتی ہیں





