پاکستان اور روس کا افغان سرزمین سے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق
نیویارک: پاکستان اور روس نے خطے میں، خصوصاً افغانستان سے سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاقِ رائے اقوام متحدہ کے پولیس سربراہان کے پانچویں سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر الیگزینڈرووچ کولکولتسیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ہوا۔
پاکستانی وزارت داخلہ کے مطابق دونوں وزرائے داخلہ نے علاقائی سلامتی کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف تعاون، منشیات کی روک تھام، سائبر جرائم کے خاتمے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف مربوط اقدامات کے لیے مشترکہ طریقۂ کار تیار کرنے اور دونوں ممالک کی پولیس فورسز کے درمیان مشترکہ مشقوں کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی۔
دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر تعاون ضروری ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان سیکیورٹی تعاون میں اضافہ اس پس منظر میں اہم ہے جب افغانستان میں موجود بعض مسلح گروہوں کی سرگرمیوں کو خطے کے کئی ممالک اپنی سلامتی کے لیے چیلنج قرار دیتے ہیں





