اسلام آباد: آئندہ مالی سال دو ہزار چھبیس، ستائیس کے دوران بیس لاکھ ملازمتیں پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ تیس جون کو ختم ہونے والے رواں مالی سال میں اٹھارہ لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے گئے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال خدمات کے شعبے میں گیارہ لاکھ، صنعتی شعبے میں پانچ لاکھ اور زرعی شعبے میں چار لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ دستاویز کے مطابق روزگار پیدا کرنے کا بڑھتا ہوا رجحان وسیع البنیاد، جامع اور روزگار پر مبنی معاشی نمو کو سہارا دے گا۔ وفاقی اور صوبائی سطح پر جاری روزگار پیدا کرنے کے پروگرام لیبر مارکیٹ میں شرکت، کاروبار، تکنیکی مہارتوں اور ملازمتوں کے لیے موزوں امیدواروں کے انتخاب کے نظام کو مزید مستحکم کریں گے۔ ادھر آزاد اور غیر جانبدار ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے تمام اعدادوشمار اور دعوے جھوٹے ہیں جس کا ثبوت ملک میں بڑھتی ہوئی غربت ہے جس کا اعتراف حکومتی نمائندے خود کرتے ہیں، جبکہ ملک میں بڑھتا ہوا تشدد غربت کی نمائندگی کرتا ہے۔ ادھر ایک اور ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ امسال دس لاکھ سے زائد لوگ ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ملک کے مختلف ہوائی اڈوں سے قریباً چالیس ہزار سے زائد مسافروں کو درست ویزا، پاسپورٹ اور تمام دستاویزات ہونے کے باوجود سفر کی اجازت نہیں دی۔





