Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ارب پتیوں پر ٹیکس، اسقاط حمل اور ٹرانس جینڈر حقوق سمیت 145 عوامی تجاویز پر ووٹنگ ہوگی

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ارب پتیوں پر ٹیکس، اسقاط حمل اور ٹرانس جینڈر حقوق سمیت 145 عوامی تجاویز پر ووٹنگ ہوگی

امریکہ میں 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کے دوران ووٹرز صرف کانگریس اور ریاستی حکومتوں کے نمائندے منتخب نہیں کریں گے بلکہ 39 ریاستوں میں 145 عوامی تجاویز اور ریفرنڈم پر بھی اپنی رائے دیں گے،ان تجاویز میں ارب پتیوں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے، اسقاط حمل کے حقوق کے تحفظ، ٹرانس جینڈر افراد کے حقوق، جائیداد ٹیکس اور سرکاری اسکولوں میں قومی ترانہ پڑھنے سے متعلق معاملات شامل ہیں
برطانوی اخبار دی گارڈین کے مطابق، کیلیفورنیا میں ارب پتیوں کی دولت پر نیا ٹیکس عائد کرنے کی تجویز عوامی ووٹنگ کے لیے پیش کی گئی ہے، جبکہ ریاست الاباما میں ایک تجویز کے تحت سرکاری اسکولوں میں ہر ہفتے امریکی قومی ترانے کا پہلا بند نشر کرنے یا پڑھنے کو لازمی قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے
اسقاط حمل کے حقوق بھی کئی ریاستوں میں انتخابی بحث کا اہم موضوع ہیں۔ آئیڈاہو، نیواڈا اور ورجینیا میں ووٹرز سے ان حقوق کے تحفظ کے لیے تجاویز پر رائے لی جائے گی، جبکہ میزوری میں اسقاط حمل کے حقوق بحال کرنے سے متعلق معاملہ ووٹنگ کے لیے پیش کیا جا رہا ہے
جائیداد ٹیکس میں تبدیلیوں سے متعلق تجاویز بھی متعدد ریاستوں کے بیلٹ پر شامل ہیں،اس کے علاوہ بعض ریاستوں میں ایسی تجاویز پر ووٹنگ ہوگی جن کا مقصد ٹرانس جینڈر کھلاڑیوں کو خواتین کے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے سے روکنا یا نابالغوں کے لیے جنس کی تصدیق سے متعلق طبی علاج پر پابندیاں عائد کرنا ہے
ریفرنڈم اور عوامی تجاویز کو براہ راست جمہوریت کا اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ ان کے ذریعے شہری منتخب نمائندوں کے بجائے بعض معاملات پر براہ راست فیصلہ کرتے ہیں،یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے کاروباری امور کے پروفیسر جان ماتسوساکا کے مطابق، مختلف ریاستوں میں کیے گئے سروے عوامی تجاویز پیش کرنے کے اس طریقۂ کار کی حمایت ظاہر کرتے ہیں
ان انتخابات میں ان عوامی تجاویز کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ ان کے نتائج ریاستی قوانین، ٹیکس پالیسی، تولیدی حقوق، کھیلوں میں شرکت اور طبی سہولتوں سے متعلق آئندہ پالیسیوں پر براہ راست اثر انداز ہو سکتے ہیں

قومی خبریں سے مزید