Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

راماسوامی کا متنازعہ اشتہار،ٹرمپ اور وینس، اوہائیو کی ریپبلکن قیادت کے آمنے سامنے

راماسوامی کا متنازعہ اشتہار،ٹرمپ اور وینس، اوہائیو کی ریپبلکن قیادت کے آمنے سامنے
امریکی ریاست اوہائیو میں ریپبلکن گورنر کے امیدوار ویوک راماسوامی کے ایک انتخابی اشتہار نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس کو ریاست کی ریپبلکن قیادت کے ایک حصے کے مقابل لا کھڑا کیا ہے،تین نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے دو ہفتے سے بھی کم وقت پہلے سامنے آنے والے اس تنازعہ پر ریاست کے گورنر مائیک ڈی وائن اور سینیٹر جون ہسٹڈ سمیت متعدد ریپبلکن رہنماؤں نے اشتہار پر تنقید کی ہے، جبکہ ٹرمپ اور وینس نے راماسوامی کا دفاع کیا ہے
اخبار دی ہِل کی رپورٹ کے مطابق، راماسوامی کے اشتہار میں ان کی ڈیموکریٹک حریف ایمی ایکٹن کی والدہ کو اپنی بیٹی کی ذہنی صحت کے بارے میں اشارے دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے،اس اشتہار کے بعد ایکٹن کے بھائی نے بیان جاری کیا کہ وہ اور ان کی بہن اس وقت سے اپنی والدہ سے الگ ہیں جب ایمی ایکٹن 12 سال کی تھیں،ان کے مطابق، ان کی والدہ نے اس شخص سے شادی برقرار رکھی جس نے بچپن میں ایمی ایکٹن کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا
اس تنازعہ پر ردعمل دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک طویل بیان میں گورنر مائیک ڈی وائن کو ’’رائنو‘‘ قرار دیا،امریکی سیاست میں یہ اصطلاح ایسے شخص کے لیے استعمال ہوتی ہے جسے ریپبلکن ہونے کے باوجود پارٹی کے روایتی یا ٹرمپ نواز مؤقف سے انحراف کرنے والا سمجھا جاتا ہے،ٹرمپ نے راماسوامی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنا یہی طرزِ عمل جاری رکھنا چاہیے
نائب صدر جے ڈی وینس نے بدھ کو اشتہار پر تنقید کرنے والے ریپبلکن رہنماؤں کے رویے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا،ان کے مطابق، وہ اس بات پر قدرے ناگواری محسوس کرتے ہیں کہ ریپبلکن رہنما ڈیموکریٹس کے مقابلے میں اس اشتہار پر زیادہ اعتراض کر رہے ہیں
ٹرمپ اور وینس کا یہ مؤقف اوہائیو کی ریپبلکن قیادت کے متعدد ارکان کے ردعمل سے مختلف ہے،رپورٹ میں ایک ریپبلکن رہنما کے حوالے سے کہا گیا کہ اشتہار پر تنقید کرنے والوں میں زیادہ تر ٹرمپ مخالف یا پارٹی کے روایتی اسٹیبلشمنٹ سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں
یہ تنازعہ اوہائیو کے گورنر کے انتخاب سے پہلے ریپبلکن پارٹی کے اندر اختلافات کو نمایاں کرتا ہے، جہاں انتخابی مہم کے طریقۂ کار اور ٹرمپ کی سیاسی حکمت عملی سے وابستگی پر رہنماؤں کے مؤقف مختلف دکھائی دے رہے ہیں، ہائیو کے گورنر کے انتخاب کے تازہ ترین دستیاب پولز کے مطابق، ڈیموکریٹ امیدوار ایمی ایکٹن اور ریپبلکن امیدوار ویوک راماسوامی کے درمیان مقابلہ بہت قریب ہے۔ 22 اکتوبر 2026 کے پولنگ اوسط میں ایکٹن کو معمولی برتری حاصل ہے، تازہ ترین پول کے مطابق رانا سوامی 47.4 جبکہ انکی مخالف ڈیموکریٹ امیدوار ان سے دو پوائنٹ آگے 49% پر دکھائ جارہی ہیں

قومی خبریں سے مزید