Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

عرب امریکی ووٹروں کا رجحان ٹرمپ سے ڈیموکریٹس کی طرف، نئے سروے میں نمایاں تبدیلی سامنے آگئی

عرب امریکی ووٹروں کا رجحان ٹرمپ سے ڈیموکریٹس کی طرف، نئے سروے میں نمایاں تبدیلی سامنے آگئی

امریکہ میں عرب نژاد ووٹروں کے سیاسی رجحان میں نمایاں تبدیلی سامنے آئی ہے،2024 کے صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس کے درمیان تقریباً برابر تقسیم ہونے والے عرب امریکی ووٹروں کی اکثریت اب کانگریس کے انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدواروں کی حمایت کرتی دکھائی دے رہی ہے،واشنگٹن پوسٹ اور شَار اسکول کے مشترکہ سروے کے مطابق، عرب امریکی رجسٹرڈ ووٹروں میں سے 58 فیصد نے رواں سال کانگریس کے لیے ڈیموکریٹس کی حمایت کا اظہار کیا، جبکہ 34 فیصد ریپبلکن امیدواروں کے حامی ہیں
سروے اگست اور ستمبر میں کیا گیا،اس کے مطابق، 2024 کے صدارتی انتخاب میں 41 فیصد عرب امریکی ووٹروں نے کملا ہیرس جبکہ 39 فیصد نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے کی اطلاع دی تھی،نئے اعداد و شمار دونوں جماعتوں کے درمیان حمایت کے توازن میں تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں
رپورٹ کے مطابق، اس تبدیلی کی اہم وجوہات میں مہنگائی اور معیشت سے متعلق ٹرمپ کی کارکردگی پر عدم اطمینان، مشرق وسطیٰ کی جنگوں سے متعلق ان کی پالیسیوں پر تنقید اور عرب امریکیوں میں یہ تاثر شامل ہے کہ صدر اور ریپبلکن جماعت ان کے مفادات اور مسائل کے حوالے سے دوستانہ رویہ نہیں رکھتے،اسرائیل کے لیے ٹرمپ کی حمایت بھی اس سیاسی رجحان پر اثرانداز ہونے والے عوامل میں شامل ہے
امریکہ میں عرب نژاد آبادی تقریباً 35 لاکھ افراد پر مشتمل ہے، جو ملک کی مجموعی آبادی کا لگ بھگ ایک فیصد بنتی ہے،ان میں سے تقریباً ایک چوتھائی مڈویسٹ کے علاقے میں رہتے ہیں،مشی گن جیسی ریاستوں میں عرب امریکی ووٹروں کی موجودگی انتخابی سیاست میں اہمیت رکھتی ہے، جہاں مختلف انتخابی مقابلوں میں ان کے ووٹ نتائج پر اثر ڈال سکتے ہیں،
یہ سروے ظاہر کرتا ہے کہ عرب امریکی ووٹروں کی حمایت مستقل طور پر کسی ایک جماعت کے ساتھ وابستہ نہیں،معیشت، مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور جماعتوں کے رویوں سے متعلق ان کے خیالات انتخابی ترجیحات کو بدل سکتے ہیں،تاہم، سروے میں ڈیموکریٹس کی حمایت کا اظہار کرنے والے ووٹروں کا تناسب پورے عرب امریکی ووٹر طبقے کے حتمی انتخابی فیصلے کی ضمانت نہیں

قومی خبریں سے مزید