Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

اسرائیل کے نوجوان ووٹروں میں انتہا پسند دائیں بازو کی مقبولیت میں اضافہ، ایتمار بن گویر کی جماعت کو نئی نسل سے بڑی امیدیں

اسرائیل کے نوجوان ووٹروں میں انتہا پسند دائیں بازو کی مقبولیت میں اضافہ، ایتمار بن گویر کی جماعت کو نئی نسل سے بڑی امیدیں

اسرائیل میں آئندہ ہفتے ہونے والے عام انتخابات سے پہلے انتہا پسند دائیں بازو کی جماعتیں پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں میں حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں،وزیرِ قومی سلامتی ایتمار بن گویر، جو کبھی اپنے انتہائی سیاسی نظریات کے باعث اسرائیلی فوج میں شمولیت کے لیے مسترد کر دیے گئے تھے، اب حکومت کے اہم وزرا میں شامل ہیں اور انتخابی مہم کے دوران نوجوانوں کی بڑی تعداد ان کے گرد جمع دکھائی دیتی ہے ،میڈیا رپورٹس کے مطابق، بن گویر کے سیاسی نظریات میں گزشتہ 30 برس کے دوران زیادہ تبدیلی نہیں آئی، لیکن اسرائیل کی سیاست میں ان کی حیثیت نمایاں طور پر بدل گئی ہے،جو سیاست دان کبھی مرکزی سیاسی دھارے میں قبول نہیں کیے جاتے تھے، وہ اب حکومت کے اندر اہم عہدوں پر فائز ہیں
انتخابی مہم کے دوران بن گویر کو نوجوان حامیوں کے ہجوم میں دیکھا جا رہا ہے،ان کے حامی بڑی بڑی جماعتی پرچم لہراتے ہیں جبکہ ان کے گرد سکیورٹی اہلکار موجود رہتے ہیں،یہ منظر اسرائیلی معاشرے میں دائیں بازو کی سیاست کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کی عکاسی کرتا ہے
یہودی اور عرب اسرائیلی آبادی پر مشتمل شہر رملہ کی ایک ڈھکی ہوئی مارکیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بن گویر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں باہر نکل کر ووٹ ڈالیں،انہوں نے کہا کہ انہیں عوام کی حمایت اور محبت نظر آ رہی ہے اور ان کی جماعت انتخابات جیتنا چاہتی ہے
ان انتخابات میں 5 لاکھ سے زیادہ ایسے ووٹر پہلی مرتبہ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جو اسرائیل کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں،بہت سے اسرائیلی ان انتخابات کو ملک کی سلامتی اور قومی شناخت کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں
رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق انتخابی مقابلہ سخت ہو سکتا ہے اور پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں کی ترجیحات نتیجے پر اثر انداز ہو سکتی ہیں،بی بی سی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 16 فیصد سے زیادہ نئے ووٹر انتہا پسند دائیں بازو کی حمایت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں
نوجوانوں میں اس رجحان کے اسباب اسرائیلی سیاست کے مستقبل کے لیے اہم ہیں،سلامتی، قومی شناخت اور فلسطینیوں کے بارے میں سخت گیر مؤقف دائیں بازو کی سیاست میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں،بن گویر کی مقبولیت اس تبدیلی کی نمایاں مثال ہے کہ اسرائیل میں کبھی حاشیے پر سمجھے جانے والے سیاسی نظریات اب حکومتی اقتدار اور انتخابی سیاست میں جگہ بنا چکے ہیں

قومی خبریں سے مزید