ممدانی کے 4 ملین ڈالر کے نئے عوامی بیت الخلاء، 10 منٹ بعد دروازہ خود کھل جائے گا
نیویارک سٹی کے میئر زوہرن ممدانی نے شہر میں عوامی بیت الخلاء کی کمی دور کرنے کے لیے 4 ملین ڈالر کے پائلٹ منصوبے کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت پانچوں بورو میں 17 نئے ماڈیولر بیت الخلاء نصب کیے جا رہے ہیں،یہ سہولتیں مفت ہوں گی اور روزانہ صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک دستیاب رہیں گی
اس منصوبے کی سب سے نمایاں خصوصیت بیت الخلاء میں قیام کے لیے مقرر 10 منٹ کی حد ہے،تھرون لیبز کی شریک بانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر جیسیکا ہائنزل مین کے مطابق صارف کو پہلے ہی مختلف مراحل میں خبردار کیا جائے گا،5 منٹ پر آڈیو پیغام کے ذریعے بتایا جائے گا کہ آدھا وقت گزر چکا ہے، 8 منٹ پر وقت ختم ہونے کی اطلاع دی جائے گی، جبکہ 10 منٹ پر روشنیاں چمکیں گی اور آڈیو پیغام کے ذریعے بتایا جائے گا کہ دروازہ کھلنے والا ہے۔ تقریباً 30 سیکنڈ کے اضافی وقفے کے بعد دروازہ خود بخود کھل جائے گا
ممدانی انتظامیہ کے مطابق اس خودکار نظام کا مقصد صرف زیادہ دیر تک بیت الخلاء کے استعمال کو روکنا نہیں بلکہ کسی ہنگامی صورت حال میں اندر موجود شخص کا بروقت پتہ چلانا بھی ہے،انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات شاذونادر ہوتے ہیں، لیکن کسی شخص کے اندر طبی ایمرجنسی کا شکار ہونے کی صورت میں خودکار دروازہ حفاظتی کردار ادا کرسکتا ہے
نئے بیت الخلاء مکمل طور پر مفت، معذور افراد کے لیے قابل رسائی اور ٹچ لیس ہوں گے،ان میں بہتے پانی کا سنک، فلش ہونے والا ٹوائلٹ، گرمی اور سردی کے لیے درجہ حرارت کنٹرول اور بچوں کی ڈائپر تبدیل کرنے کی سہولت بھی موجود ہوگی،یہ یونٹس پانی، سیوریج یا بجلی کے مستقل کنکشن کے بغیر کام کرسکتے ہیں، جس کے باعث انہیں ضرورت کے مطابق دوسری جگہ منتقل کیا جاسکتا ہے
صارفین بیت الخلاء کا دروازہ ٹیکسٹ میسج، کیو آر کوڈ یا تھرون باتھ روم نیٹ ورک ایپ کے ذریعے کھول سکیں گے،جن افراد کے پاس موبائل فون نہیں ہوگا، ان کے لیے مقامی کمیونٹی اداروں کے ذریعے ٹیپ کارڈز فراہم کیے جائیں گے،شہر کے مطابق یہ کارڈ بیت الخلاء سے تقریباً 10 منٹ کی پیدل مسافت کے اندر دستیاب ہوں گے
ممدانی نے کہا ہے کہ نیویارک میں عوامی بیت الخلاء کی ضرورت طویل عرصے سے موجود ہے اور یہ منصوبہ ایک سالہ پائلٹ کے طور پر چلایا جائے گا،شہر اس دوران ان 17 یونٹس کے استعمال، صفائی اور عوامی ردعمل کا جائزہ لے گا تاکہ مستقبل میں بڑے پیمانے پر عوامی بیت الخلاء کے نظام کے بارے میں فیصلہ کیا جاسکے
فاکس نیوز نے اس منصوبے کی رپورٹنگ میں خاص طور پر 10 منٹ بعد دروازہ خودکار طور پر کھلنے کے نظام کو نمایاں کیا ہے، جبکہ نیویارک سٹی کی سرکاری دستاویزات کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت 4 ملین ڈالر اور مدت ایک سال ہے





