Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

لاس اینجلس میں ہلاکت خیز بس حادثے کی کوریج کے دوران این بی سی کا نیوز ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، تین افراد ہلاک

لاس اینجلس میں ہلاکت خیز بس حادثے کی کوریج کے دوران این بی سی کا نیوز ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، تین افراد ہلاک

لاس اینجلس کے علاقے چیٹس ورتھ میں ایک نیوز ہیلی کاپٹر اس وقت گر کر تباہ ہوگیا جب وہ ایک ہلاکت خیز بس حادثے کی کوریج کر رہا تھا،حادثے میں تین افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا،تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر این بی سی لاس اینجلس کا تھا، جس کی تصدیق خود ٹی وی اسٹیشن نے براہ راست نشریات کے دوران کی
لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہیلی کاپٹر منگل کی شام تقریباً سات بجے سان فرنینڈو ویلی کے علاقے میں میسن ایونیو کے 9100 بلاک میں دو تجارتی عمارتوں کے درمیان گر کر آگ کی لپیٹ میں آگیا،حادثے کے نتیجے میں چار گاڑیوں اور دو اسٹوریج کنٹینرز کو بھی آگ لگ گئی، جس پر 50 سے زائد فائر فائٹرز نے قابو پایا
فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان برینڈن سلورمین نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں کم از کم ایک شخص زمین پر موجود تھا،دیگر دو افراد کے بارے میں ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں تھا کہ وہ ہیلی کاپٹر میں سوار تھے یا زمین پر موجود تھے،بعد کی اطلاعات میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار دو افراد بھی ہلاک ہوئے،ایک زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس کی حالت فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی
حادثے کے وقت این بی سی کا ہیلی کاپٹر ایک الگ واقعے کی کوریج کر رہا تھا، جس میں ایک ایس یو وی لاس اینجلس کی میٹرو بس سے ٹکرا گئی تھی،فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اس تصادم میں کم از کم دو افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے؟دونوں حادثات ایک دوسرے سے تقریباً ڈیڑھ میل کے فاصلے پر پیش آئے
این بی سی لاس اینجلس کی اینکر کولین ولیمز نے براہ راست نشریات کے دوران بتایا کہ اسٹیشن کا اپنے ہیلی کاپٹر سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا،بعد میں اسٹیشن نے تصدیق کی کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ اس کا اپنا نیوز ہیلی کاپٹر تھا
ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں،امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں،حکام ملبے کی جانچ اور شواہد جمع کرکے یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ حادثہ کس طرح پیش آیا اور ہیلی کاپٹر میں کتنے افراد سوار تھے

قومی خبریں سے مزید