مسی ساگا میں 2022 سے لاپتا ماں کے قتل کی تحقیقات معطل

مسی ساگا میں 2022 سے لاپتا ماں کے قتل کی تحقیقات معطل

مسی ساگا: پیل ریجنل پولیس نے مسی ساگا سے جون 2022 میں لاپتا ہونے والی 38 سالہ ماں مزگن عینی کے قتل کے معاملے کی تحقیقات عارضی طور پر معطل کردی ہیں۔
پولیس نے اس کیس کو گزشتہ سال قتل کا مقدمہ قرار دیا تھا، تاہم کئی ماہ کی تحقیقات کے باوجود کسی شخص کے خلاف فردِ جرم عائد نہیں کی جاسکی۔ پولیس کے مطابق دستیاب تمام قابلِ عمل شواہد اور ممکنہ راستوں پر تحقیقات کی جاچکی ہیں، لیکن کیس کو آگے بڑھانے کے لیے مطلوبہ ثبوت حاصل نہیں ہوسکے۔
مزگن عینی جون 2022 میں مسی ساگا میں اپنے گھر سے لاپتا ہوئی تھیں۔ ان کے لاپتا ہونے کی اطلاع پولیس کو فوری طور پر نہیں دی گئی بلکہ تقریباً تین سال بعد، جون 2025 میں بیرونِ ملک موجود خاندان کے افراد کی جانب سے پولیس سے رابطہ کیا گیا۔
پیل پولیس نے تحقیقات کے دوران 22 افراد سے پوچھ گچھ، 24 عدالتی اجازت ناموں کے تحت کارروائیاں، گھر اور گاڑیوں کے فرانزک معائنے اور دیگر تفتیشی اقدامات کیے۔ پولیس نے ممکنہ ملزم سے متعدد مرتبہ پوچھ گچھ بھی کی، جبکہ بعض فون رابطوں کی نگرانی بھی کی گئی۔
پولیس کے مطابق تاخیر سے رپورٹ ہونے کے باعث اہم شواہد کے حصول میں مشکلات پیدا ہوئیں۔ تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات مکمل طور پر ختم نہیں کی گئیں؛ اگر کوئی نیا قابلِ اعتماد ثبوت یا معلومات سامنے آتی ہیں تو کیس دوبارہ کھولا جاسکتا ہے۔
مزگن عینی کے اہلِ خانہ نے تحقیقات معطل کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنی عزیزہ کے بارے میں حقیقت جاننے اور انصاف کے حصول کی کوشش جاری رکھیں گے

قومی خبریں سے مزید