ٹیلی پرامپٹر بند ہونے پر کینیڈا کے وزیرِ اعظم کا امریکی صدر پر طنز
ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیرِ اعظم مارک کارنی نے رہائشی منصوبوں سے متعلق ایک تقریب کے دوران اچانک ٹیلی پرامپٹر بند ہونے پر موقع کو مزاحیہ انداز میں استعمال کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر طنزیہ جملہ کہا۔
تقریب کے دوران جب ٹیلی پرامپٹر نے کام کرنا چھوڑ دیا تو مارک کارنی نے حاضرین سے مسکراتے ہوئے کہا کہ “میں اسے کسی سازش کا حصہ نہیں سمجھتا۔” ان کے اس جملے پر ہال میں موجود افراد ہنس پڑے۔ یہ تبصرہ امریکی صدر کی گزشتہ برس اقوامِ متحدہ میں پیش آنے والے ایسے ہی ایک واقعے کی جانب اشارہ تھا، جب انہوں نے فنی خرابی کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب کینیڈا اور امریکہ کے تعلقات تجارتی محصولات اور دیگر پالیسی اختلافات کے باعث پہلے ہی کشیدہ ہیں۔ وزیرِ اعظم مارک کارنی اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر امریکی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں اور کینیڈا کے معاشی اور سفارتی مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار کر چکے ہیں۔





