امریکہ کا کینیڈا سمیت پانچ سفارتی دفاتر بند کرنے کا فیصلہ

امریکہ کا کینیڈا سمیت پانچ سفارتی دفاتر بند کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن: امریکی محکمۂ خارجہ نے دنیا بھر میں اپنے سفارتی ڈھانچے میں تبدیلی کے منصوبے کے تحت کینیڈا سمیت پانچ بیرونِ ملک سفارتی مشنز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں امریکی کانگریس کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
بند کیے جانے والے امریکی دفاتر میں کینیڈا کے شہر ونی پیگ میں قائم امریکی سفارتی دفتر، جاپان کے شہر ناگویا، انڈونیشیا کے میڈان، کیمرون کے دوآلا اور گریناڈا کے سینٹ جارجز میں واقع امریکی سفارتی مشن شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ اقدام امریکی حکومت کی اخراجات میں کمی اور سفارتی نظام کی تنظیمِ نو کی پالیسی کا حصہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان دفاتر کی بندش سے سالانہ تقریباً 44 لاکھ امریکی ڈالر کی بچت متوقع ہے۔
تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے امریکہ کی عالمی سفارتی موجودگی محدود ہو سکتی ہے اور بعض خطوں میں چین اور روس جیسے ممالک کے اثر و رسوخ میں اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدام سفارتی تعلقات کے خاتمے کی علامت نہیں بلکہ انتظامی اور مالیاتی اصلاحات کا حصہ ہے، جبکہ دیگر اہم امریکی سفارت خانے اور قونصل خانے معمول کے مطابق اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

قومی خبریں سے مزید