12 روز بعد لاپتا 11 سالہ بچے کی لاش مل گئی
، کیلگری میں جاری وسیع سرچ آپریشن اختتام پذیر
کیلگری: کینیڈا کے شہر کیلگری میں تقریباً دو ہفتوں سے لاپتا 11 سالہ پارکر کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے بڑے پیمانے پر جاری سرچ آپریشن ختم کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق بچے کی لاش شہر کے شمال مشرقی علاقے میں ایک بارشی پانی کی زیرِ زمین نالی (اسٹورم واٹر پائپ) سے برآمد ہوئی۔
پارکر، جو آٹزم کا شکار تھا اور بول نہیں سکتا تھا، 16 جولائی کو اپنے ڈے ہوم سے نکلنے کے بعد لاپتا ہو گیا تھا۔ اس کی تلاش میں پولیس، امدادی ٹیموں، رضاکاروں اور شہریوں نے بھرپور حصہ لیا۔ سرچ آپریشن کے دوران ہزاروں کلومیٹر علاقے کی تلاشی لی گئی، سینکڑوں مقامات کی جانچ کی گئی اور سیکڑوں معلوماتی اشاروں (ٹپس) پر کارروائی کی گئی، تاہم ابتدائی تلاش میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔
کیلگری پولیس نے بتایا کہ لاش ملنے کے بعد واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ موت کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ حکام نے اس افسوسناک واقعے پر پارکر کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورا شہر اس سانحے سے غمزدہ ہے۔





