کینیڈا کے صوبائی وزرائے اعلیٰ کا اجلاس: امریکی محصولات کے خطرے اور معیشت پر بات چیت
شارلٹ ٹاؤن: کینیڈا کے تمام صوبوں اور علاقوں کے وزرائے اعلیٰ کا اجلاس دوسرے روز بھی جاری رہا، جس میں امریکہ کی جانب سے ممکنہ نئے محصولات، تجارت، معیشت اور دیگر قومی معاملات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی رہنماؤں نے امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات کو فوری، سنجیدہ اور منصفانہ بنانے پر زور دیا تاکہ کینیڈین مصنوعات پر مجوزہ اضافی محصولات سے بچا جا سکے۔ یہ اجلاس ایسے وقت ہو رہا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بعض کینیڈین اشیا پر 50 فیصد تک نئے محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
وزرائے اعلیٰ نے اس سے قبل وزیراعظم مارک کارنی سے ورچوئل ملاقات بھی کی، جبکہ ان کی وزیراعظم کے ساتھ بالمشافہ ملاقات بھی شیڈول ہے۔
اجلاس کے دوران صوبوں کے درمیان تجارت آسان بنانے کے لیے بھی پیش رفت ہوئی، جہاں نو صوبائی وزرائے اعلیٰ نے شراب بنانے والی کمپنیوں کو دوسرے صوبوں کے صارفین کو براہِ راست فروخت کی اجازت دینے کے معاہدے پر دستخط کیے۔





