بلغاریہ نے امریکہ کو ری فیولنگ طیارے تعینات کرنے کی اجازت دے دی
صوفیہ: بلغاریہ کی پارلیمنٹ نے امریکہ کو ملک کے ایک فوجی اڈے پر فضا میں ایندھن بھرنے والے (ری فیولنگ) طیارے تعینات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ طیارے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے لاجسٹک معاونت فراہم کریں گے۔
منظوری کے تحت امریکہ کے آٹھ کے سی-135 ری فیولنگ طیارے اور تقریباً 250 فوجی اہلکار بلغاریہ کے بیزمر ایئر بیس پر تعینات کیے جا سکیں گے۔ یہ تعیناتی 24 جولائی سے یکم اکتوبر تک جاری رہے گی۔
بلغاریہ کے وزیراعظم اور وزیرِ دفاع نے واضح کیا ہے کہ بلغاریہ کی سرزمین سے مشرقِ وسطیٰ میں براہِ راست جنگی کارروائیاں نہیں کی جائیں گی، جبکہ طیاروں کا مقصد صرف فضائی ایندھن بھرنے اور لاجسٹک مدد تک محدود ہوگا۔
ایران نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر بلغاریہ کی سرزمین ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال ہوئی تو صوفیہ بھی اس تنازع کا حصہ سمجھا جا سکتا ہے۔





