اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سام سنگ کو پاکستان کو موبائل فونز کی تیاری، ری فربشمنٹ (دوبارہ قابلِ استعمال بنانے) اور برآمدات کا علاقائی مرکز بنانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت برآمدات، ویلیو ایڈیشن اور صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
وزارتِ تجارت میں سام سنگ پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کے دوران وزیر تجارت نے تجویز دی کہ پاکستان میں تیار ہونے والے موبائل فونز کو افریقہ اور دیگر ابھرتی ہوئی منڈیوں میں برآمد کیا جائے تاکہ ملک عالمی موبائل سپلائی چین کا اہم حصہ بن سکے۔ اس موقع پر سام سنگ کے وفد نے استعمال شدہ موبائل فونز کی درآمد سے متعلق خدشات کا اظہار کیا اور مستند ری فربشمنٹ کے شعبے میں تعاون کی تجویز بھی پیش کی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ مقامی موبائل مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا اور پاکستان کی الیکٹرانکس صنعت کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانے میں مدد ملے گی۔





