بنکاک کے پب میں ہولناک آتشزدگی، 27 افراد ہلاک، بجلی کے نظام میں خرابی کو ممکنہ وجہ قرار
بنکاک — تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے ایک پب میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہو گئے۔ واقعہ اتوار کی رات پیش آیا، جس نے پورے شہر کو سوگوار کر دیا۔
تھائی وزیر اعظم انوتن چارن ویرکول نے جائے وقوعہ سے مقامی میڈیا کو بتایا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران ۲۷ لاشیں نکالی گئیں، جبکہ کچھ زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پب اور ریسٹورنٹ میں موجود موسیقاروں نے بتایا کہ اسٹیج کے قریب بجلی کے ایک سرکٹ بریکر سے دھواں اٹھا، جس کے بعد بجلی بند ہو گئی اور اچانک دھماکہ ہوا، جس سے آگ تیزی سے پھیل گئی۔
تھائی نیشنل پولیس نے پیر کی صبح تصدیق کی کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ، حفاظتی انتظامات اور عمارت میں موجود افراد کی تعداد سمیت تمام پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔
تھائی دارالحکومت میں پیش آنے والے اس سانحے نے ایک بار پھر تفریحی مقامات پر حفاظتی انتظامات، ہنگامی راستوں اور بجلی کے نظام کی نگرانی کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں





