خیبر پختونخوا حکومت کے گریڈ 18افسر نے خودکشی کر لی، پولیس تحقیقات شروع

خیبر پختونخوا حکومت کے گریڈ 18افسر نے خودکشی کر لی، پولیس تحقیقات شروع

پشاور — خیبر پختونخوا حکومت کے ایک سینئر افسر نے پشاور میں مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اتوار کو پیش آیا، جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق گریڈ ۱۸ کے افسر عاصم جاوید نے اپنی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر فائرنگ کر کے خودکشی کی۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اہل خانہ کے مطابق عاصم جاوید کا خاندان کے بعض افراد کے ساتھ جائیداد کے تنازع پر اختلاف چل رہا تھا، تاہم پولیس نے اس معاملے کو ابتدائی معلومات قرار دیا ہے اور حتمی وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔

ایس پی کینٹ محمد جنید کھرل نے بتایا کہ ابتدائی شواہد سے بظاہر یہ واقعہ خودکشی معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ سے ضروری شواہد حاصل کر لیے گئے ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واقعے کے تمام پہلو مزید واضح ہوں گے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس افسوسناک واقعے کے پس پردہ اصل وجوہات کیا تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حتمی نتیجہ سامنے آئے گا

قومی خبریں سے مزید