ٹرمپ کے داماد کشنر کے حمایت یافتہ البانیا منصوبے پر نیا تنازع: زمین فروخت کرنے والا شخص منشیات اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کی زد میں
امریکی ٹیلی ویژن چینل سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق البانوی نژاد امریکی شہری آرتور شیہو، جس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے حمایت یافتہ لگژری سیاحتی منصوبے کے لیے زمین فروخت کی تھی، اب البانیا میں منشیات کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت فوجداری تحقیقات کا سامنا کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق البانوی استغاثہ کا کہنا ہے کہ اس کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں جو آرتور شیو کے مبینہ طور پر منشیات کی اسمگلنگ سے تعلق اور جائیداد و تعمیراتی منصوبوں سے متعلق مالی دستاویزات میں رد و بدل کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یہ مؤقف 10 جون کی عدالتی دستاویزات میں بھی درج ہے، جن کا جائزہ سی بی ایس نیوز نے لیا۔
یہ تنازع اس وقت مزید نمایاں ہو گیا جب البانیا کے قدرتی ساحلی علاقوں میں مجوزہ پرتعیش سیاحتی منصوبوں کے خلاف دارالحکومت تیرانا میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ منصوبے طویل عرصے سے محفوظ قرار دیے گئے ساحلی ماحول کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ فی الحال آرتور شیو کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور کسی عدالت نے انہیں ان الزامات میں مجرم قرار نہیں دیا۔ اسی طرح اس خبر میں ایسا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا کہ جیرڈ کشنر یا ان کے حمایت یافتہ منصوبے کو ان مبینہ جرائم سے جوڑا گیا ہو۔ معاملہ اس وقت صرف تحقیقات کے مرحلے میں ہے





