ایپسٹین تعلقات پر بل گیٹس سے بازپرس: امریکی کانگریس کے سامنے بند کمرے میں اہم پوچھ گچھ
واشنگٹن: امریکی ارب پتی اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس جلد امریکی کانگریس کی ایک اہم کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے، جہاں ان سے بدنامِ زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ ان کے تعلقات کے بارے میں سوالات کیے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق گیٹس، ایوانِ نمائندگان کی ہاؤس اوور سائیٹ کمیٹی کے سامنے ایک بند کمرہ (کلوزڈ ڈور) انٹرویو میں شرکت کریں گے۔ اس ملاقات میں قانون ساز یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ ایپسٹین کے ساتھ گیٹس کے روابط کی نوعیت کیا تھی اور ان ملاقاتوں کے پس منظر میں کیا عوامل کارفرما تھے۔
جیفری ایپسٹین، جو کم عمر لڑکیوں کے جنسی استحصال کے مقدمات میں سزا یافتہ تھا، 2019 میں جیل میں مردہ پایا گیا تھا۔ اس کے بعد سے ایپسٹین سے تعلق رکھنے والی متعدد معروف شخصیات کی جانچ پڑتال ہوتی رہی ہے۔
بل گیٹس ماضی میں یہ تسلیم کر چکے ہیں کہ انہوں نے ایپسٹین سے ملاقاتیں کی تھیں، تاہم انہوں نے ان ملاقاتوں کو “غلطی” قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا مقصد خیراتی اور عالمی صحت کے منصوبوں پر بات چیت تھا۔ گیٹس کا مؤقف رہا ہے کہ ان کا ایپسٹین کے جرائم سے کوئی تعلق نہیں تھا
کانگریس کی یہ کارروائی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ایپسٹین اسکینڈل کے اثرات برسوں بعد بھی امریکی سیاست، کاروبار اور سماجی حلقوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اگرچہ بل گیٹس پر کسی جرم کا الزام نہیں، لیکن کانگریس کی دلچسپی اس بات میں ہے کہ ایپسٹین کے بااثر شخصیات سے روابط کی مکمل تصویر سامنے لائی جائے
یہ بند کمرہ بریفنگ سیاسی اور میڈیا حلقوں میں غیر معمولی توجہ حاصل کر سکتی ہے، خصوصاً اگر اس سے متعلق نئی معلومات یا دستاویزات منظرِ عام پر آتی ہیں





