دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثہ: منی بس کی ٹرک سے ٹکر، متعدد بھارتی مزدور ہلاک و زخمی

دبئی میں خوفناک ٹریفک حادثہ: منی بس کی ٹرک سے ٹکر، متعدد بھارتی مزدور ہلاک و زخمی

دبئی میں ایک دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے جب مزدوروں کو لے جانے والی ایک منی بس سڑک پر کھڑے ایک خراب ٹرک سے جا ٹکرائی۔

دبئی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ٹرک کو اچانک تکنیکی خرابی پیش آئی جس کے باعث وہ ہائی وے پر رک گیا۔ اسی دوران پیچھے سے آنے والی منی بس، جو کارکنوں کو لے جا رہی تھی، نے مناسب فاصلہ نہ رکھنے کے باعث کھڑے ٹرک کو زور دار ٹکر مار دی۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ منی بس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ابتدائی شواہد کے مطابق حادثے کی وجہ اچانک رکنے والا ٹرک اور منی بس کی جانب سے حفاظتی فاصلے کا خیال نہ رکھنا بتایا جا رہا ہے۔

دبئی پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ہائی ویز پر ڈرائیونگ کے دوران مناسب فاصلہ رکھیں اور کسی بھی تکنیکی خرابی کی صورت میں گاڑی کو محفوظ انداز میں سڑک کنارے منتقل کر کے وارننگ سگنلز کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ ایسے جان لیوا حادثات سے بچا جا سکے

قومی خبریں سے مزید