Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

روس نے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا، افغانستان کی عالمی تنہائی سے نکلنے کی پہلی بڑی کامیابی

روس نے جمعرات کے روز افغانستان میں طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا، جس کے بعد روس دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے طالبان کو افغانستان کی جائز حکومت کے طور پر مانا ہے۔ یہ فیصلہ طالبان کے لیے عالمی سطح پر قبولیت حاصل کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو تقریباً چار سال قبل امریکی انخلا کے بعد اقتدار میں آئے تھے۔

افغانستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں بتایا کہ روسی سفیر دمیتری ژرنوف نے کابل میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کے دوران ماسکو کی جانب سے اسلامی امارت افغانستان کو تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

دوسری جانب روسی وزارت خارجہ نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعمیری دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا، جن میں تجارت اور توانائی سرفہرست ہیں۔

طالبان حکومت، جو 2021 میں اقتدار میں آئی، اب تک بین الاقوامی سطح پر بڑی حد تک تنہائی کا شکار رہی ہے، اگرچہ چین اور بھارت جیسے ممالک کے ساتھ اس کے روابط میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق روس کا یہ قدم دیگر خطے کے ممالک کو بھی طالبان حکومت کے ساتھ کھل کر تعلقات بڑھانے پر آمادہ کر سکتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید