الہان عمر کی حسن پیکر کے ساتھ انتخابی تقریب، ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر مخالفت شدت اختیار کر گئی
امریکی کانگریس کی رکن الہان عمر ریاست مینیسوٹا میں پیر کی شب بائیں بازو کے معروف آن لائن اسٹریمر حسن پیکر کے ساتھ ایک انتخابی تقریب میں شریک ہونے والی ہیں، حالانکہ ڈیموکریٹک پارٹی کے بعض رہنماؤں نے اس شرکت کی مخالفت کرتے ہوئے ان سے تقریب منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے،سط مدتی انتخابات میں صرف 8 روز باقی رہ جانے کے دوران یہ تنازعہ ریاستی ڈیموکریٹس کے درمیان اختلافات کو نمایاں کر رہا ہے
مینیسوٹا سے ڈیموکریٹک رکن کانگریس اینجی کریگ نے حسن پیکر کے بیانات کو ’’تقسیم پیدا کرنے والا اور خطرناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھ کھڑے ہونا ایک غلطی ہے،اسی طرح سینیٹر ایمی کلبوچر کی گورنر کے انتخاب کے لیے جاری مہم نے پیکر کے ماضی کے متعدد بیانات کو ’’غیر ذمہ دارانہ اور ناقابل قبول‘‘ قرار دیا ہے،ڈیموکریٹک پارٹی کے دیگر عہدیداروں اور تنظیموں نے بھی الہان عمر اور ریاستی سینیٹر عمر فتح سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ منیاپولس میں ہونے والی تقریب منسوخ کریں،عمر فتح اس تقریب کے میزبان ہیں، جس کے تمام ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں
اس تنازعہ نے مینیسوٹا کی ڈیموکریٹک پارٹی میں ایک اہم اختلاف کو منظر پہ لا کھڑا کیا ہے ،ایک طرف حسن پیکر کے ساتھ نوجوان ترقی پسند ووٹروں کی بڑی تعداد وابستہ ہے، جبکہ دوسری طرف ان کے ماضی کے متنازعہ بیانات کے سیاسی اثرات پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔
یونیورسٹی آف مینیسوٹا کے شعبۂ سیاسیات کے پروفیسر لیری جیکبز نے فوکس 9 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب سے ڈیموکریٹک فارمر لیبر پارٹی، جو مینیسوٹا میں ڈیموکریٹک پارٹی کا مقامی نام ہے، کے اندر تقسیم پیدا ہو سکتی ہے،ان کے مطابق یہ تنازعہ انتخابات کے آخری مرحلے میں ریاست گیر ڈیموکریٹک امیدواروں کی انتخابی مہم کے مرکزی پیغام سے توجہ ہٹا سکتا ہے اور انہیں اعتدال پسند ووٹروں اور یہودی ووٹروں کے حوالے سے مشکل سیاسی صورت حال میں ڈال سکتا ہے





