ثانیہ مرزا اور مہیش بھوپتی بھارتی ٹینس فیڈریشن کے انتخابات میں شامل، لینڈر پیس صدر بننے کی دوڑ سے باہر
دہلی: بھارت کی معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا اور مہیش بھوپتی نے آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن میں کھلاڑیوں کی نمائندگی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، جبکہ سابق عالمی چیمپئن لینڈر پیس اس انتخابی عمل سے باہر رہ گئے ہیں،اسپورٹس پرسن آف آؤٹ اسٹینڈنگ میرٹ کے تحت کھلاڑیوں کے نمائندوں کے انتخابات 7 نومبر کو ہوں گے،پیس کی صدارت کے لیے نامزدگی کی حمایت بنگال ٹینس ایسوسی ایشن نے کی تھی، لیکن نئے قواعد کے تحت صدارتی انتخاب لڑنے کی اہلیت حاصل کرنے کے لیے انہیں پہلے کھلاڑیوں کے مخصوص نمائندہ انتخاب میں کامیابی حاصل کرنا ضروری تھی،نامزدگی جمع نہ کرانے کے باعث وہ اس راستے سے صدارتی امیدوار نہیں بن سکیں گے، تاہم 27 نومبر کو ہونے والے ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بنگال کے نمائندے کی حیثیت سے حصہ لے سکتے ہیں، مگر موجودہ آئینی قواعد کے تحت اس حیثیت میں صدارت کا انتخاب نہیں لڑ سکتے
ثانیہ مرزا اور مہیش بھوپتی کے علاوہ چھ دیگر سابق کھلاڑیوں نے بھی نامزدگیاں جمع کرائی ہیں،نئے آئین کے مطابق کھلاڑیوں کے چار نمائندے جنرل باڈی میں شامل ہوں گے، جن میں دو مرد اور دو خواتین ہوں گی، جبکہ 15 رکنی ایگزیکٹو کمیٹی میں کھلاڑیوں کے دو نمائندوں، ایک مرد اور ایک خاتون، کی گنجائش رکھی گئی ہے،دونوں سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑیوں کی شمولیت بھارتی ٹینس کے انتظامی معاملات میں نمایاں کھلاڑیوں کو زیادہ کردار دینے کی کوشش کا حصہ ہے





