Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ممدانی کی ہوکل کی انتخابی مہم میں انٹری، ری پبلکن حریف بلیک مین کو ’’خراب کردار‘‘ قرار دے دیا

ممدانی کی ہوکل کی انتخابی مہم میں انٹری، ری پبلکن حریف بلیک مین کو ’’خراب کردار‘‘ قرار دے دیا
نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی نے ریاستی گورنر کیتھی ہوکل کی دوبارہ انتخاب کی مہم کی حمایت میں سیاسی اشتہار جاری کرتے ہوئے ان کے ری پبلکن حریف اور ناساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹو بروس بلیک مین کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے،ممدانی نے اشتہار میں بلیک مین کو ایسے سیاست دان کے طور پر پیش کیا جو عام لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے بجائے اس کے برعکس کردار ادا کرتے ہیں
امریکی ٹی وی چینل فاکس 5 نیویارک کی رپورٹ کے مطابق ممدانی نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں کہا کہ بعض سیاست دان سب کی زندگی بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن پھر بروس بلیک مین جیسے لوگ بھی ہیں،اشتہار میں ممدانی نے بلیک مین کو تنقیدی انداز میں ’’خراب سیب‘‘ قرار دیا
ممدانی کی تنقید کا ایک اہم نکتہ بلیک مین کا وفاقی ادارۂ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) کے ساتھ تعاون کا سابقہ ریکارڈ ہے،امیگریشن کے معاملے پر دونوں سیاست دانوں کے مؤقف میں واضح اختلاف پایا جاتا ہے
رپورٹ کے مطابق بلیک مین نے رواں ہفتے گورنر کے انتخابی مباحثے میں ہوکل کی پناہ گزینوں کو تحفظ فراہم کرنے والی پالیسیوں پر تنقید کی تھی،ان پالیسیوں کے تحت بعض حالات میں مقامی حکام وفاقی امیگریشن اداروں کے ساتھ تعاون محدود رکھتے ہیں
ممدانی کی جانب سے ہوکل کی حمایت میں اشتہار جاری کرنا نیویارک کی انتخابی سیاست میں امیگریشن کے مسئلے کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے،ہوکل ڈیموکریٹ امیدوار ہیں، جبکہ بلیک مین ری پبلکن جماعت کی جانب سے گورنر کے انتخاب میں ان کا مقابلہ کررہے ہیں
یہ اشتہار محض دو امیدواروں کے درمیان مقابلے تک محدود نہیں، بلکہ امیگریشن قوانین کے نفاذ، مقامی حکومتوں اور وفاقی اداروں کے تعاون، اور تارکین وطن کے تحفظ سے متعلق مختلف سیاسی نظریات کو بھی نمایاں کرتا ہے،ممدانی نے اپنی ویڈیو کے ذریعے ہوکل کی حمایت کرتے ہوئے ان اختلافات کو انتخابی مہم کا حصہ بنا دیا ہے، جوں جوں مڈ ٹرم انتخابات کے دن قریب آتے جارہے ہیں ، دونوں امیدواروں کے درمیان انتخابی سروے بھی دلچسپ صورت حال اختیار کرتے جارہے ہیں
16 اکتوبر 2026 تک کے سرویز کے مطابق ماریسٹ پول میں ہوکل 53٪ اور بروس بلیک مین 42٪ پر ہیں، یعنی 11 پوائنٹس کا فرق؛ جبکہ تازہ پول فِنٹی سروے میں ہوکل 47٪ اور بلیک مین 44٪ پر ہیں، یعنی صرف 3 پوائنٹس کا فرق بتایا جارہا ہے 

قومی خبریں سے مزید