میٹ گیٹس پر جنسی اسمگلنگ کے الزامات، دو خواتین نے وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کردیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق اتحادی اور فلوریڈا سے ری پبلکن جماعت کے سابق رکن کانگریس میٹ گیٹس کے خلاف دو خواتین نے وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ جب وہ کانگریس کے رکن تھے تو انہوں نے دو دیگر افراد کے ساتھ مل کر مبینہ جنسی اسمگلنگ کے منصوبے میں حصہ لیا
پولیٹیکو کی رپورٹ کے مطابق مقدمہ رواں ہفتے اورلینڈو کی وفاقی عدالت میں دائر کیا گیا،مدعی خواتین کی عمریں 20 سال کے ابتدائی برسوں میں تھیں جب ان کی ملاقات گیٹس سے ہوئی،مقدمے میں خواتین کے نام ظاہر نہیں کیے گئے،انہوں نے گیٹس اور دو دیگر مدعا علیہان سے ہرجانے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے،ان افراد میں فلوریڈا کی ریاستی اسمبلی کا ایک سابق رکن بھی شامل ہے
38 صفحات پر مشتمل مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ مدعا علیہان نے اپنے سرکاری عہدوں، اثر و رسوخ اور دولت کو استعمال کرتے ہوئے مدعی خواتین کی مالی مشکلات اور کمزوریوں سے فائدہ اٹھایا اور مبینہ طور پر ان کے خلاف غیر قانونی اقدامات کیے
مقدمے میں عائد الزامات کی تفصیلات امریکی ایوان نمائندگان کی اخلاقیات کمیٹی کی اس تحقیقات سے بھی مماثلت رکھتی ہیں جس میں گیٹس کے خلاف کم عمر لڑکی کے ساتھ جنسی تعلقات، جسم فروشی کے لیے رقم دینے اور غیر قانونی منشیات استعمال کرنے کے الزامات کا جائزہ لیا گیا تھا
ان تحقیقات نے گیٹس کی ٹرمپ انتظامیہ میں اٹارنی جنرل بننے کی کوشش کو بھی متاثر کیا تھا،انہوں نے اس عہدے کے لیے نامزدگی کی راہ ہموار کرنے کی غرض سے کانگریس کی نشست سے استعفیٰ دیا تھا، تاہم سینیٹ میں ممکنہ مخالفت کے پیش نظر انہوں نے بعد میں اپنی نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ کیا
گیٹس نے نئے مقدمے میں عائد الزامات کا بھرپور مقابلہ کرنے کا اعلان کیا ہے،ان کے خلاف دائر تازہ مقدمے میں الزامات تاحال عدالتی دعوے ہیں، جن پر حتمی فیصلہ عدالت کو کرنا ہے





