Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

پی ٹی آئی سے کشیدگی بڑھ گئی، شہباز شریف نے اتحادیوں کی مشاورت طلب کر لی، ایمرجنسی پر غور کی تصدیق

پی ٹی آئی سے کشیدگی بڑھ گئی، شہباز شریف نے اتحادیوں کی مشاورت طلب کر لی، ایمرجنسی پر غور کی تصدیق

اسلام آباد میں سیاسی کشیدگی اور پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی دھمکیوں کے درمیان وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے وسیع مشاورت کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کے مطابق مشاورت میں سیاسی صورتحال کے ساتھ بالخصوص خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور صوبائی حکومت سے متعلق معاملات زیر بحث آئیں گے
وزیراعظم کی صدر آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات متوقع ہے، جس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے ممکنہ نفاذ پر بھی بات ہو سکتی ہے،پیپلز پارٹی کو اپوزیشن کی جانب سے بلائے گئے مجوزہ کثیر الجماعتی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی ہے
اس دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں صدر زرداری سے ملاقات کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں
پیپلز پارٹی کے سینیٹر نیر بخاری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ سیاسی معاملات کا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جائے،ان کا کہنا ہے کہ آئین میں ایسے حالات سے نمٹنے کے لیے راستے موجود ہیں جب حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کر سکے
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال کے باعث ’’ایمرجنسی‘‘ کے نفاذ پر غور کیا جا رہا ہے،تاہم گورنر راج یا ایمرجنسی کے حتمی فیصلے کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا

قومی خبریں سے مزید