ایران جنگ ختم کرنے کی قرارداد سینیٹ میں مسترد، ری پبلکن ارکان کی اکثریت ٹرمپ کے ساتھ کھڑی ہوگئی
واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایران کے خلاف امریکی جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرنے والی قرارداد مسترد کردی، تاہم ووٹنگ نے ری پبلکن پارٹی کے اندر جنگ کے معاملے پر موجود اختلافات بھی نمایاں کردیئے
جمعرات کو ہونے والی ووٹنگ میں قرارداد کے حق میں 49 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ 50 نے مخالفت کی،ڈیموکریٹس کے تقریباً تمام ارکان نے قرارداد کی حمایت کی، صرف پنسلوانیا کے ڈیموکریٹ سینیٹر جان فیٹر مین نے مخالفت میں ووٹ دیا
چار ری پبلکن سینیٹرز، کینٹکی کے رینڈ پال، مین کی سوزن کولنز، الاسکا کی لیزا مرکاؤسکی اور نارتھ کیرولائنا کے تھام ٹلس نے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیتے ہوئے جنگ ختم کرنے کی قرارداد کی حمایت کی
تاہم ری پبلکن اکثریت نے صدر ٹرمپ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے قرارداد کے خلاف ووٹ دیا،ان میں اوہائیو کے جان ہَسٹڈ اور الاسکا کے ڈین سلیوان بھی شامل تھے، جن کی ریاستوں میں سینیٹ کی نشستوں کے لیے مقابلہ موجودہ سیاسی ماحول میں خاصی مسابقتی سمجھا جا رہا ہے
میڈیا کے مطابق ووٹنگ ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران کے خلاف جنگ امریکی عوام میں غیر مقبول قرار دی جارہی ہے، تاہم سینیٹ میں ری پبلکن ارکان کی اکثریت نے صدر ٹرمپ کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا





