Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ایلون مسک نے سابق گرل فرینڈ سے کہا تھا: خانہ جنگی سے پہلے مجھے بچوں کی ایک فوج چاہیے

ایلون مسک نے سابق گرل فرینڈ سے کہا تھا: خانہ جنگی سے پہلے مجھے بچوں کی ایک فوج چاہیے

دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک کے بارے میں ایک نیا اور غیر معمولی دعویٰ سامنے آیا ہے، ان کی سابق ساتھی ایشلے سینٹ کلیئر نے دعویٰ کیا ہے کہ مسک نے انہیں ایک پیغام میں کہا تھا کہ وہ خانہ جنگی شروع ہونے سے پہلے ’’بچوں کی ایک فوج‘‘ چاہتے ہیں،یہ دعویٰ الیکس گبنی کی نئی دستاویزی فلم ’’مسک‘‘ میں سامنے آیا، جس کا عالمی پریمیئر وینس فلم فیسٹیول میں ہوا
سینٹ کلیئر، جو مسک کے ایک بچے کی والدہ ہیں، نے وینس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسک نے ان کے ساتھ تعلق کے دوران بچے کی خواہش کی وجہ خانہ جنگی سے پہلے زیادہ سے زیادہ اولاد پیدا کرنا بتایا تھا،تاہم یہ دعویٰ سینٹ کلیئر کے بیان پر مبنی ہے اور اس کی آزادانہ طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی
سینٹ کلیئر نے مسک کے زیر ملکیت سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس کے کردار پر بھی شدید تشویش ظاہر کی،ان کے مطابق پلیٹ فارم پر ایسے خیالات اور مواد کو تقویت مل رہی ہے جو معاشرے میں تقسیم کو بڑھا سکتے ہیں اور ان کے حقیقی دنیا میں سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ مسک کا اثر و رسوخ اور ایکس پر ان کی سرگرمیوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا
دستاویزی فلم میں سینٹ کلیئر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مسک کی جانب سے یا ان کی ٹیم کے ذریعے انہیں تقریباً 40 ملین ڈالر کی رقم اور ماہانہ 100,000 ڈالر کی ادائیگی کی پیشکش کی گئی تھی، بشرطیکہ وہ ایک رازداری کے معاہدے پر دستخط کریں،ان کے مطابق انہوں نے یہ معاہدہ قبول نہیں کیا،ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مسک نے فلم میں شرکت نہیں کی، جبکہ فلم ساز گبنی نے ان کے سابقہ بیانات، انٹرویوز اور دیگر افراد کے بیانات کی بنیاد پر مسک کی تصویر پیش کی ہے
تقریباً چار گھنٹے طویل اس فلم میں مسک کے کاروباری سفر کے ساتھ ان کی سیاسی سرگرمیوں، ایکس کی ملکیت، ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کے تعلق اور عالمی سطح پر دائیں بازو کی سیاست سے ان کی وابستگی کا جائزہ لیا گیا ہے،فلم کے ہدایت کار الیکس گبنی نے مسک کے اثر و رسوخ کو جمہوریت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے، جبکہ مسک نے فلم ساز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں جانبدار قرار دیا ہے

قومی خبریں سے مزید