سونیتا آہوجا کے الزامات پر گووندا کا پراسرار جواب، کہا بہت سی باتیں آسمان پر لکھی گئی ہیں

سونیتا آہوجا کے الزامات پر گووندا کا پراسرار جواب، کہا بہت سی باتیں آسمان پر لکھی گئی ہیں

بالی ووڈ اداکار گووندا نے اپنی اہلیہ سونیتا آہوجا کے ساتھ جاری ازدواجی تنازع اور اپنے مبینہ معاشقے سے متعلق الزامات پر پہلی مرتبہ براہ راست ردعمل دیتے ہوئے انتہائی پراسرار انداز اختیار کیا ہے
ممبئی میں منعقدہ یوتھ شکتی دہی ہانڈی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے گووندا نے اپنے مداحوں سے تعاون اور دعاؤں کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور اشاروں میں کہا کہ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں بہت سی باتیں آسمان پر لکھی گئی ہیں
گووندا نے اگرچہ سونیتا آہوجا کا نام لے کر کوئی الزام مسترد نہیں کیا اور نہ ہی مبینہ معاشقے کے بارے میں تفصیلی وضاحت پیش کی، تاہم ان کے بیان کو موجودہ تنازع پر بالواسطہ جواب قرار دیا جا رہا ہے اداکار نے کہا کہ وقت آنے پر بہت سی باتیں واضح ہوجائیں گی اور مداح اس مشکل مرحلے میں ان کا ساتھ دیں
گووندا اور سونیتا آہوجا کے درمیان تعلقات گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل خبروں میں ہیں۔ سونیتا کی جانب سے گووندا کی ذاتی زندگی اور مبینہ ازدواجی بے وفائی سے متعلق بیانات سامنے آنے کے بعد دونوں کے تعلقات پر سوالات اٹھ رہے ہیں حالیہ دنوں میں سونیتا نے اداکارہ کومل رانی کے ساتھ گووندا کے مبینہ تعلقات کا بھی ذکر کیا، تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی
دوسری جانب گووندا نے اب تک اس معاملے پر کھل کر تفصیلی وضاحت دینے سے گریز کیا ہے۔ ان کا تازہ بیان بھی براہ راست جواب کے بجائے اشاروں اور دعاؤں تک محدود رہا، جس کے باعث ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں میں مزید قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں
اس تنازع کے دوران دونوں میاں بیوی کی جانب سے ایک دوسرے کے بارے میں مختلف بیانات سامنے آتے رہے ہیں سونیتا نے ماضی میں یہ بھی بتایا تھا کہ دونوں الگ الگ گھروں میں رہتے ہیں، جبکہ حالیہ خاندانی تقریبات میں بھی گووندا کی غیر موجودگی نے ان کے تعلقات کے بارے میں جاری چہ مگوئیوں کو مزید ہوا دی ہے
گووندا نے اپنے تازہ بیان میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کی جانب واپسی کا بھی اشارہ دیا اور مداحوں سے ساتھ دینے کی اپیل کی ان کی آنے والی فلموں روپہ اور دنیاداری کے حوالے سے بھی واپسی کی بات کی جارہی ہے
گووندا اور سونیتا آہوجا کی شادی کو کئی دہائیاں گزر چکی ہیں اور ان کے 2 بچے ہیں۔ موجودہ تنازع کے باوجود دونوں کے تعلقات کی اصل صورتحال کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا مشکل ہے، جبکہ گووندا کے تازہ بیان نے معاملے کو مزید پراسرار بنا دیا ہے

قومی خبریں سے مزید