55 رنز پر آل آؤٹ ہونے کے باوجود وہاب ریاض کا دعویٰ، پاکستان خواتین ایشیا کپ کی بہترین ٹیم ہے
پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی سرپرستی کرنے والے وہاب ریاض نے بھارت کے خلاف انتہائی مایوس کن شکست کے باوجود ٹیم کو ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنے کی صلاحیت رکھنے والی بہترین ٹیم قرار دے دیا
پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف صرف 55 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور پورے 20 اوورز بھی مکمل نہ کرسکی جواب میں بھارت نے ہدف صرف 7 وکٹوں کے نقصان کے بغیر مکمل کرلیا اور 68 گیندیں باقی رہتے ہوئے 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی
وہاب ریاض نے میچ کے بعد کہا کہ انہیں اپنی تمام کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر یقین ہے اور ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ کھلاڑی خود پر اعتماد کریں ان کے مطابق ٹیم بھارت کے خلاف ہونے والی غلطیوں کا جائزہ لے گی اور ہانگ کانگ کے خلاف اگلے میچ میں انہیں دہرانے سے گریز کرے گی
وہاب ریاض نے اس کے باوجود کہا کہ وہ اب بھی سمجھتے ہیں کہ پاکستان ایشیا کپ کی بہترین ٹیم ہے اور ٹائٹل جیت سکتی ہے، کیونکہ موجودہ حالات پاکستانی ٹیم کے لیے موزوں ہیں
بھارت کے خلاف پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے قدرے مزاحمت دکھائی اور شافالی ورما، پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا کی وکٹیں حاصل کیں، تاہم پاکستان کا 55 رنز کا معمولی مجموعہ بھارت کے لیے کوئی بڑا چیلنج ثابت نہ ہوسکا
بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات بھی دباؤ میں آگئے ہیں۔ اب اسے گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں ہانگ کانگ کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ رن ریٹ کی صورتحال پر بھی انحصار کرنا ہوگا
وہاب ریاض نے سابق پاکستانی کپتان ثنا میر کی جانب سے ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں پر ہونے والی تنقید سے بھی اختلاف کیا۔ ثنا میر نے ایشیا کپ کے لیے 7 کھلاڑیوں کو باہر رکھنے کے فیصلے پر سوال اٹھایا تھا
وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ جن کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کیا گیا وہ طویل عرصے سے مطلوبہ کارکردگی نہیں دے رہی تھیں، جبکہ نئی کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ مستقبل کی ٹیم تیار کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے ان کے مطابق پرانی کھلاڑی کئی عالمی کپ اور ایشیا کپ کھیل چکی تھیں لیکن مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے، اس لیے نئی کھلاڑیوں کو موقع دینا ضروری تھا





