کراچی: زیادتی کا شکار امریکی خاتون کا مجسٹریٹ کے سامنے بیان ریکارڈ
کراچی: کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ جنسی زیادتی کا شکار ہونے والی امریکی خاتون کا بیان بدھ کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق غیر ملکی خاتون نے ڈیفنس فیز 6 میں واقع اپنے اپارٹمنٹ میں زیادتی کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد پولیس نے ایک نوجوان کو حراست میں لیا۔ واقعہ 17 جولائی کو پیش آیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق تفتیشی افسر متاثرہ خاتون کو جوڈیشل مجسٹریٹ (ساؤتھ) کے سامنے لے کر پہنچا، جہاں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت ان کا بیان ریکارڈ کر کے سیل کر دیا گیا۔
پولیس نے ملزم کا ہڈیوں کی عمر کے تعین کا طبی معائنہ (عمر کا ٹیسٹ) بھی کروایا ہے، جس کی رپورٹ چند روز میں متوقع ہے۔ مقدمہ تھانہ درخشاں میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 (زیادتی) کے تحت درج کیا گیا ہے۔





