امریکہ نے ایران میں حملے مزید وسیع کر دیے، اہم بندرگاہ اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا
امریکہ نے ایران کے خلاف اپنی فضائی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے جمعہ کی صبح متعدد پلوں، توانائی کے مراکز اور ایک اہم ایرانی بندرگاہ پر واقع ایک ٹاور کو نشانہ بنایا۔ یہ کارروائیاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس حکمتِ عملی کا حصہ قرار دی جا رہی ہیں جس کا مقصد ایران پر دباؤ بڑھانا ہے تاکہ وہ آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری آمدورفت پر اپنی گرفت نرم کرے۔
دوسری جانب ایران نے بھی مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ کے اتحادی ممالک پر نئے میزائل حملے کیے، جن میں قطر بھی شامل ہے، جو اس جنگ میں ثالثی کا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے حملوں سے کویت میں بجلی کی تنصیبات اور سمندر کے پانی کو پینے کے قابل بنانے والے ایک اہم پلانٹ کو بھی نقصان پہنچا، جو صحرائی ملک کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔
اس تازہ پیش رفت سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر دونوں جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری رہا تو تنازع پورے مشرقِ وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے





