خاتون کی جان بچاتے ہوئے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید، اسلام آباد سوگ میں ڈوب گیا
خاتون کی جان بچاتے ہوئے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید، اسلام آباد سوگ میں ڈوب گیا
اسلام آباد: پاک فضائیہ کے بہادر افسر، گروپ کیپٹن عاصم طارق، ایک خاتون کو مبینہ اغوا کی کوشش سے بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔ افسوسناک واقعہ وفاقی دارالحکومت کے نائنتھ ایونیو پر پیش آیا، جس پر وفاقی وزیرِ داخلہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی جلد گرفتاری کی ہدایت جاری کر دی۔
پولیس اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق گروپ کیپٹن عاصم طارق نے سڑک پر ایک موٹرسائیکل سوار کو خاتون کا ہاتھ زبردستی کھینچتے دیکھا تو وہ فوری طور پر مداخلت کے لیے رکے۔ ان کی موجودگی پر خاتون گاڑی کی دوسری جانب بھاگ کر محفوظ ہونے میں کامیاب ہوگئی۔
اسی دوران مبینہ ملزم نے گروپ کیپٹن عاصم طارق سے تلخ کلامی کی اور اچانک ان پر فائرنگ کر دی۔ شدید زخمی ہونے والے پاک فضائیہ کے افسر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم اس کا دفتری ساتھی تھا، جس نے اسے دفتر ساتھ لے جانے کی پیشکش کی، تاہم راستے میں اس نے گاڑی کا رخ تبدیل کر دیا اور اسے کسی دوسری جگہ لے جانے کی کوشش کی۔ خاتون کے مطابق اگر گروپ کیپٹن عاصم طارق بروقت مداخلت نہ کرتے تو اس کی جان خطرے میں پڑ سکتی تھی۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جبکہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق نے اپنے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹی اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔ ان کی جرات، فرض شناسی اور انسانی جان بچانے کے لیے دی گئی قربانی کو ملک بھر میں خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے



