Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

اہم خبریں

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 5 فلسطینی جاں بحق، جنگ بندی کے باوجود بمباری جاری

غزہ میں اسرائیلی فوج کے تازہ فضائی حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب جنگ بندی کے باوجود غزہ میں تشدد اور فوجی کارروائیاں جاری ہیں اور فلسطینی شہریوں کو مسلسل جانی نقصان کا سامنا ہے
طبی امدادی ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ کے خان یونس میں 2 فضائی حملوں کے دوران 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، جبکہ المواصدر کے علاقے میں ایک اور فلسطینی ہلاک ہوا بعد ازاں غزہ شہر کے تل الہوا محلے میں ایک گاڑی کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے
اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ اسلحہ جمع کررہی ہے اور حملوں کی تیاری میں مصروف ہے اسرائیلی حکام کے مطابق حالیہ کارروائیوں کا مقصد حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنانا ہے تاہم حماس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچانے اور فلسطینی علاقوں میں فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کا الزام عائد کیا ہے
امریکہ کی ثالثی میں گزشتہ سال ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں مستقل امن قائم نہیں ہوسکا مذاکرات کار حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ کے تقریباً 2 تہائی علاقے پر قابض اسرائیلی فوج کی واپسی کے معاملات پر اتفاق نہیں کرسکے اس تعطل کے باعث جنگ زدہ علاقے میں تعمیر نو اور انسانی بحران کے خاتمے کی کوششیں بھی آگے نہیں بڑھ سکیں۔ 
اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے پیر کو پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین اور وطن کا حق دیے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام ممکن نہیں انہوں نے غزہ میں انسانی بحران، مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی حملوں اور توسیع پسندانہ عزائم کو خطے کے مستقبل کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا
دریں اثنا مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے ایک محلے سے اپنی کارروائی ختم کرکے واپسی اختیار کی، جہاں 23 اکتوبر کو ایک چیک پوسٹ پر حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے تھے اسرائیلی فوج نے اس کارروائی کے دوران 3,000 سے زیادہ فلسطینیوں کو علاقے سے نکلنے پر مجبور کیا تھا فوجی حکام کے مطابق کارروائی میں مشتبہ افراد کو گرفتار، 4 ہتھیار ضبط اور حملہ آوروں کے 2 مکانات مسمار کیے گئے
غزہ میں جنگ بندی کے بعد بھی اسرائیلی حملوں میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے فلسطینی طبی حکام کے مطابق جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک 1,580 فلسطینی اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کے مطابق اس دوران 4 فوجی ہلاک ہوئے ہیں اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ میں فلسطینی حکام کے مطابق مجموعی طور پر 74,000 سے زیادہ فلسطینی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں
موجودہ صورتحال نے ایک بار پھر واضح کردیا ہے کہ جنگ بندی کے باوجود غزہ میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی نہیں بنایا جاسکا مستقل امن، اسرائیلی فوج کے انخلا، فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور تعمیر نو کے معاملات پر اتفاق کے بغیر خطے میں انسانی بحران ختم ہونے کے امکانات محدود دکھائی دیتے ہیں

قومی خبریں سے مزید