Chief Editor : Mohammad Afaq Farooqi
Contributing Editor : Ahmad Waqas Riaz

ہومپاکستانججوں کی سالانہ کارکردگی جانچنے کا آئینی نظام متعارف کرانے کا اعلان

ٹرینڈنگ

ججوں کی سالانہ کارکردگی جانچنے کا آئینی نظام متعارف کرانے کا اعلان

ججوں کی سالانہ کارکردگی جانچنے کا آئینی نظام متعارف کرانے کا اعلان

لاہور: وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پہلی مرتبہ ججوں کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے آئینی بنیادوں پر ایک سات رکنی جائزہ کمیٹی قائم کر رہی ہے، جس کا مقصد اعلیٰ عدالتوں میں تقرریوں کے عمل کو زیادہ شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کمیٹی اعلیٰ عدالتوں کے لیے نامزد امیدواروں کا باقاعدہ انٹرویو کرے گی اور اپنی سفارشات پاکستان کے عدالتی تقرری کمیشن کو ارسال کرے گی، تاکہ تقرریوں کے عمل میں اہلیت، دیانت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو بنیادی معیار بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر لاہور میں پنجاب بار کونسل کے زیر اہتمام وکلا تعلیمی ادارے کی افتتاحی تقریب اور پیشہ ورانہ تربیتی کورس مکمل کرنے والے وکلا میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

آئینی اصلاحات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ اٹھائیسویں آئینی ترمیم فی الحال حکومت کے فوری ایجنڈے میں شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں کسی نئی آئینی ترمیم کی ضرورت پیش آئی تو اسے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ہی پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عدالتی نظام میں شفافیت، احتساب اور میرٹ کا فروغ عوام کے اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر ہے، اور مجوزہ نظام اسی مقصد کے حصول کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا

مزید پڑھیں