کیف پر روس کا خوفناک شب خون، جدید ترین بیلسٹک میزائلوں اور سینکڑوں ڈرونز سے تباہی
کیف پر روس کا خوفناک شب خون، جدید ترین بیلسٹک میزائلوں اور سینکڑوں ڈرونز سے تباہی، یوکرینی صدر نے پیوٹن کو “پاگل” قرار دے دیا یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روس نے رات کی تاریکی میں تباہ کن حملہ کرتے ہوئے بیلسٹک میزائلوں اور سیکڑوں ڈرونز کی بارش کردی، جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک جبکہ تراسی زخمی ہوگئے۔ یوکرینی حکام کے مطابق حملے میں جدید “اوریشنک” میزائل بھی استعمال کیا گیا، جسے روس کے خطرناک ترین ہتھیاروں میں شمار کیا جا رہا ہے یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے حملے کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ روس نے خاص طور پر کیف کو مرکزی ہدف بنایا۔ ان کے مطابق رہائشی عمارتیں، بازار، اسکول اور پانی کی فراہمی کا نظام بھی حملوں کی زد میں آئے صدر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “وہ واقعی پاگل ہو چکا ہے”، اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ روس کو اس خونریز کارروائی کا جوابدہ ٹھہرایا جائے یوکرین کی فضائیہ کے مطابق روس نے ایک ہی رات میں تقریباً چھ سو ڈرونز اور نوے میزائل داغے، جن میں سے بیشتر کو فضا ہی میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا، تاہم کئی میزائل اور ڈرون مختلف علاقوں میں تباہی پھیلانے میں کامیاب رہے ماہرین کے مطابق اگر “اوریشنک” میزائل کے استعمال کی مکمل تصدیق ہوگئی تو یہ روس۔یوکرین جنگ میں ایک نئے اور زیادہ خطرناک مرحلے کا آغاز ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماسکو اب مزید جدید اور مہلک ہتھیار میدان میں لا رہا ہے


