فلسطین حمایتی مسلمان نیو جرسی سے ڈیموکریٹ پارٹی کے پرائمری الیکشن میں کامیابی کے بعد امریکی کانگریس کے مضبوط امیدوار بن گئے سماجی جمہوریت پسندوں نے ان کی فتح کو یقینی بنایا
مصری نژاد امریکی ڈاکٹر آدم ہماوے نیو جرسی ڈسٹرکٹ 12 سے یو ایس کانگریس کیلئے ڈیموکریٹ پارٹی کا پرائمری الیکشن جیت گئے ہیں۔ ڈاکٹر آدم جو بطور کرنل سرجن امریکی فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں غزہ میں بے قصور فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرتے رہے اور زخمی فلسطینی بچوں کے علاج کیلئے غزہ جانے والے امریکی ڈاکٹروں کے وفد میں شامل تھے ۔ انکے بولڈ موقف کی وجہ سے بعض طاقتور حلقوں نے انکے خلاف بھرپور مہم چلائی اور انکا تعلق مسلم انتہا پسندوں سے جوڑنے کی کوشش کی ، تاہم لبرل ڈیموکریٹس کی بھرپور مدد سے وہ اپنی پارٹی کے ایک درجن مخالف امیدواروں کو شکست دیکر پرائمری الیکشن میں کامیاب ہوئے۔ نیوجرسی ریاست کا یہ حلقہ ڈیموکریٹس کیلئے محفوظ تصور کیا جاتا ہے اور ڈاکٹر آدم کی جیت سے نومبر میں انکے لیے یو ایس کانگریس کا ممبر بننا تقریبا یقینی ہو گیا ہے۔ سینٹرل جرسی کے اس حلقے میں خصوصاً مڈل سکس ، سمرسٹ اور یونین کاؤنٹی میں پاکستانی امریکیوں کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے ۔


