اسرائیل کا غزہ میں کنٹرول بڑھانے کا منصوبہ، جنگ بندی خطرے میں پڑنے کا خدشہ۔
اسرائیل کا غزہ میں کنٹرول بڑھانے کا منصوبہ، جنگ بندی خطرے میں پڑنے کا خدشہ۔ اسرائیلی وزیرِاعظم بنجمن نیتن یاہو نے مبینہ طور پر اسرائیلی فوج کو غزہ پٹی کے بڑے حصے پر کنٹرول مزید وسیع کرنے کی ہدایت دی ہے، جس کے بعد خطے میں جاری کمزور جنگ بندی کے مستقبل پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اکتوبر میں ہونے والے امریکی ثالثی معاہدے کے تحت اسرائیلی افواج کو محدود پوزیشنز تک پیچھے ہٹایا گیا تھا، تاہم بعد ازاں زمینی صورتحال میں تبدیلی کے ساتھ اسرائیلی فوج کی پیش قدمی اور سیکیورٹی زونز میں توسیع کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔ غزہ پٹی پہلے ہی سنگین انسانی صورتحال اور بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ نئی عسکری پیش رفت کے نتیجے میں شہری آبادی کی نقل و حرکت اور امدادی سرگرمیوں پر مزید دباؤ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکام اس حکمتِ عملی کو حماس پر دباؤ بڑھانے اور سیکیورٹی کنٹرول مضبوط کرنے کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔


