شدید گرمی نے یومِ آزادی کی تقریبات کو بھی لپیٹ میں لے لیا، امریکہ بھر میں سیکڑوں جشن منسوخ یا محدود
شدید گرمی نے یومِ آزادی کی تقریبات کو بھی لپیٹ میں لے لیا، امریکہ بھر میں سیکڑوں جشن منسوخ یا محدود
واشنگٹن: امریکہ میں ریکارڈ توڑ گرمی کی لہر نے ملک بھر میں یومِ آزادی (چار جولائی) اور امریکہ کے ڈھائی سو سالہ قومی سفر (امریکہ 250) کی تقریبات کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ مختلف ریاستوں میں سینکڑوں پریڈز، عوامی اجتماعات، گلی محلوں کی تقریبات اور جشن آزادی کی سرگرمیاں منسوخ، ملتوی یا محدود کر دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کو امریکہ کے وسطی اور مشرقی حصوں میں بارہ کروڑ سے زائد افراد شدید گرمی کے انتباہ کے دائرے میں تھے، جبکہ جنوب مشرقی ریاستوں میں چھ کروڑ بیس لاکھ سے زیادہ افراد کے لیے بھی گرمی سے متعلق خصوصی وارننگ جاری کی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متعدد علاقوں میں درجۂ حرارت خطرناک حد تک بڑھ جانے اور شدید حبس کے باعث عوامی اجتماعات شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے صحت کے سنگین خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔ اسی وجہ سے مقامی حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت تقریبات میں تبدیلی یا انہیں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
رواں سال کی تقریبات کو غیر معمولی اہمیت حاصل تھی کیونکہ امریکہ اپنی آزادی کے اعلان کے ڈھائی سو سال مکمل ہونے کی یاد میں خصوصی پروگراموں کا اہتمام کر رہا ہے۔ تاہم شدید گرمی نے ان منصوبوں کو بھی متاثر کیا اور متعدد شہروں میں جشن آزادی کی تقریبات محدود پیمانے پر منعقد کی جا رہی ہیں۔
محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے


