انڈونیشیا کے دور دراز جزیرے پر نیا لگژری ریزورٹ کھل گیا، مہمان نوازی کی منفرد اکیڈمی بھی شامل
انڈونیشیا کے دور دراز جزیرے پر نیا لگژری ریزورٹ کھل گیا، مہمان نوازی کی منفرد اکیڈمی بھی شامل
جکارتہ: انڈونیشیا کے جنوبی ترین دور دراز جزیرے روتے پر ایک نیا اور انتہائی متوقع لگژری ریزورٹ “نہی روتے اینڈ ہاسپیٹیلٹی اکیڈمی” عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، جو صرف سیاحتی مقام ہی نہیں بلکہ ایک عملی تربیتی مرکز بھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ ریزورٹ 21 پرائیویٹ ولاز پر مشتمل ہے اور سمندر کے کنارے ایک عالمی معیار کی سرفنگ ویو کے سامنے واقع ہے۔ اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے مرکز میں ایک مہمان نوازی کی اکیڈمی قائم کی گئی ہے، جہاں مقامی عملہ اور طلبہ مہمانوں کی خدمت کے ذریعے تربیت حاصل کرتے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صرف لگژری سیاحت نہیں بلکہ مقامی کمیونٹی کو مہارت فراہم کرنا بھی ہے، تاکہ وہ عالمی معیار کی ہاسپیٹیلٹی انڈسٹری میں بہتر مواقع حاصل کر سکیں۔
ریزورٹ میں واٹر اسپورٹس کے لیے مکمل سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جن میں سرفنگ، فِشنگ اور دیگر سمندری سرگرمیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ علاقے میں ماحولیاتی بحالی کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری بھی کی گئی ہے، جس کے تحت 16 لاکھ سے زائد درخت اور پودے لگائے گئے ہیں۔
ولاز کو مقامی ثقافت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، جن میں روایتی “لونتار” پتوں اور “اکات” کپڑے کے نقش و نگار شامل ہیں، جبکہ جدید سہولیات جیسے نجی پول اور انڈور آؤٹ ڈور باتھ روم بھی موجود ہیں۔
سیاحوں کے مطابق یہ مقام نہ صرف قدرتی حسن بلکہ پر سکون ماحول اور منفرد ثقافتی تجربے کی وجہ سے بھی نمایاں ہے



