خامنہ ای کی آخری رسومات سے قبل ایران کی امریکا اور اسرائیل کو سخت وارننگ
خامنہ ای کی آخری رسومات سے قبل ایران کی امریکا اور اسرائیل کو سخت وارننگ
تہران: ایران نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری آخری رسومات سے قبل امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس دوران ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو اس کا فوری اور انتہائی سخت جواب دیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر علی عبداللہی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کسی بھی غلط اندازے سے گریز کریں، کیونکہ ایران کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
سرکاری اعلان کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات کا آغاز 4 جولائی کو تہران سے ہوگا، بعد ازاں قم اور عراق میں بھی تعزیتی تقریبات منعقد کی جائیں گی، جبکہ 9 جولائی کو ان کی آبائی شہر مشہد میں تدفین کی جائے گی۔
ایک روز قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی خبردار کیا تھا کہ ایرانی عوام یا قیادت کو کسی بھی خطرے کی صورت میں تہران فوری اور طاقتور ردعمل دے گا۔ یہ بیان اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے ایران کے موجودہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو “نشانہ” قرار دیا تھا۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق آخری رسومات کے پیش نظر ملک بھر، خصوصاً تہران، قم اور مشہد میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ خطے میں کسی بھی ممکنہ کشیدگی کے خدشات کے باعث ایرانی افواج کو بھی مکمل چوکسی پر رکھا گیا ہے


