پانچ دن میں 10 ہزار گرفتاریاں، ٹرمپ کی ملک بدری مہم میں اچانک تیزی
پانچ دن میں 10 ہزار گرفتاریاں، ٹرمپ کی ملک بدری مہم میں اچانک تیزی
واشنگٹن: امریکی محکمۂ امیگریشن و کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای) نے جون کے آخری پانچ دنوں میں تقریباً 10 ہزار افراد کو گرفتار کیا، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بڑے پیمانے پر ملک بدری کی مہم میں غیرمعمولی تیزی کی نشاندہی کرتا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ اعداد و شمار ایسے ذریعے نے فراہم کیے ہیں جسے سرکاری معلومات تک رسائی حاصل ہے، تاہم اسے عوامی طور پر جاری نہیں کیا گیا۔ ان گرفتاریوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے اپنی حکمتِ عملی تبدیل کر دی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں بڑے شہروں میں نمایاں چھاپوں اور وسیع کارروائیوں پر زور دیا جا رہا تھا، لیکن اب نسبتاً خاموش اور کم تشہیر والے طریقوں سے ملک بدری کے اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اگرچہ اب کسی ایک شہر کو خصوصی ہدف نہیں بنایا جا رہا، لیکن ملک بھر میں گرفتاریاں مسلسل جاری ہیں اور ان کی رفتار میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے غیرقانونی تارکینِ وطن کی بڑے پیمانے پر ملک بدری کو اپنی امیگریشن پالیسی کا بنیادی ستون قرار دے رکھا ہے، اور حالیہ اعداد و شمار اس مہم میں مزید شدت کی عکاسی کرتے ہیں


