تحریک انصاف نے آزادکشمیر انتخابات کا بائیکاٹ کردیا
تحریک انصاف نے آزادکشمیر انتخابات کا بائیکاٹ کردیا پاکستان تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔پی ٹی آئی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا یہ فیصلہ کسی سیاسی فائدے یا نقصان کے حساب سے نہیں، بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی، جمہوری اقدار کے احترام میں کیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اس انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی، کشمیری عوام کے لیے آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول میسر ہونے تک اس عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر اس وقت شدید بحران سے گزر رہا ہے، ہزاروں شہری راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں اپنے جائز مطالبات کے حق میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں، پنجاب سے آزاد کشمیر کو اشیائے خورونوش کی ترسیل بھی مکمل طور پر بند ہے۔تحریک انصاف کے مطابق کشمیری عوام کو مزید سیاسی عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے بجائے مسائل کا فوری حل نکالا جانا چاہیے۔ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کا کہنا ہے کہ عام انتخابات27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسمبلی کی آئینی مدت و قانونی تقاضوں کے باعث 5 جون کو انتخابی شیڈول جاری کیا گیا۔ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے مطابق آزاد کشمیر عام انتخابات کے التوا سے متعلق قیاس آرائیاں بےبنیاد ہیں، انتخابی شیڈول آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق جاری کیا، بدنیتی کا تاثر بےبنیاد ہے۔ترجمان نے کہا کہ الیکشن بروقت کروانا آئینی ذمہ داری ہے، انتخابی شیڈول کسی سیاسی مقصد کے تحت جاری نہیں کیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا


