سات بڑے شہروں میں ریکارڈ توڑ گرمی کا خدشہ، راتیں بھی غیر معمولی حد تک گرم رہنے کی پیش گوئی
سات بڑے شہروں میں ریکارڈ توڑ گرمی کا خدشہ، راتیں بھی غیر معمولی حد تک گرم رہنے کی پیش گوئی
واشنگٹن: امریکا کے شمال مشرقی اور مشرقی علاقوں میں شدید گرمی کی نئی لہر کے باعث سات بڑے شہروں میں ریکارڈ درجۂ حرارت اور غیر معمولی طور پر گرم راتوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق نیویارک، بوسٹن، فلاڈیلفیا، واشنگٹن، شکاگو، پٹسبرگ اور ہارٹ فورڈ ان شہروں میں شامل ہیں جہاں آئندہ چند روز کے دوران دن کا درجۂ حرارت گزشتہ ریکارڈ کے قریب یا اس سے بھی تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ رات کے اوقات میں بھی گرمی معمول سے کہیں زیادہ رہنے کا خدشہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کے وقت درجۂ حرارت میں کمی نہ آنے سے انسانی جسم کو ٹھنڈا ہونے کا موقع نہیں ملتا، جس کے باعث بزرگ افراد، بچے، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد اور وہ لوگ جنہیں ٹھنڈک کی مناسب سہولت میسر نہیں، شدید خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
پیش گوئی کے مطابق بعض علاقوں میں محسوس کیا جانے والا درجۂ حرارت 38 سے 46 درجۂ سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پانی پئیں، دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور اپنے آس پاس رہنے والے کمزور اور ضعیف افراد کی خیریت معلوم کرتے رہیں


